کراچی کے ضلع سٹی میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین رکنی مبینہ گروہ کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کو کھارادر تھانے کی حدود سے حراست میں لیا گیا۔
ضلع سٹی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد حسین، شاہ جہاں اور محمد ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گروہ کی شکل میں وارداتیں کرتے تھے۔ وہ موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے بعد انہیں مختلف حصوں میں کھول دیتے اور پھر پارٹس فروخت کردیتے تھے۔
کارروائی کے دوران ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، دو انجن، ایک چیسس اور دیگر پارٹس برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکل نمبر KAC-2840 کا مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج ہے۔ برآمد شدہ موٹر سائیکل کے کچھ پارٹس میٹھادر کے علاقے سے چوری ہونے والی موٹر سائیکل کے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ برآمد ہونے والا ایک انجن بھی سولجر بازار کے علاقے سے چوری ہونے والی موٹر سائیکل کا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
