کیماڑی پولیس مقابلے زخمی ملزم سمیت 2 گرفتار، 2 اہلکار زخمی

ضلع کیماڑی میں شاہین فورس کے جوانوں کا دو مختلف مقامات پر مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق مچھر کالونی میں ایک زخمی ملزم سمیت دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ دونوں کارروائیوں میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

مچھر کالونی میں مقابلہ، 2 ملزمان گرفتار

پولیس کے مطابق مچھر کالونی میں شاہین فورس کا سامنا موٹر سائیکل پر سوار چار مسلح ملزمان سے ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں شاہنواز عرف ساجد عرف کلیجی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فرید نامی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار قاسم شاہ کے ہاتھ میں گولی لگی۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول، زندہ اور چلیدہ گولیاں اور ہونڈا 125 موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پرانا گولیمار میں فائرنگ، اہلکار زخمی

دوسرا مقابلہ پرانا گولیمار میں ہوا۔ پولیس کے مطابق شاہین فورس کے جوانوں کا موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار ثناء اللہ کی ٹانگ میں گولی لگی۔ پولیس کے مطابق ایک ملزم بھی زخمی ہوا، تاہم وہ اپنے ساتھی سمیت فرار ہوگیا۔

فرار ملزمان کی تلاش جاری

پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں اور زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پرانا گولیمار میں فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

کیماڑی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!