کراچی: کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح بھینس کالونی میں کردیا گیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ضلع ملیر کے تھانہ سکھن میں قائم جدید مرکز کا افتتاح کیا۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق یہ مرکز کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
افتتاحی تقریب میں کمیونٹی پولیس چیف مراد سوہنی اور ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
مراد سوہنی کے مطابق مرکز میں ہائی ٹیک آٹو ڈیٹیکشن کیمروں سے لیس نظام نصب کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے مشتبہ افراد کی شناخت کم وقت میں ممکن ہوگی۔
ان کے مطابق جدید نظام پولیس کو جرائم کی روک تھام اور فوری کارروائی میں بھی مدد دے گا۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے بتایا کہ شہر کے مختلف تھانوں میں جدید کیمرے نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے جرائم کی نگرانی اور تفتیش میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پولیس کی استعداد کار بڑھانے میں معاون ہوگی۔ اس سے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا بھی آسان ہوگا۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کے مطابق تھانہ سکھن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں 100 سے زائد جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پولیس اہلکار 24 گھنٹے علاقے کی نقل و حرکت کی نگرانی کریں گے۔