یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے خصوصی نغمہ ’آزادی‘ جاری کر دیا، جس میں کشمیری عوام کے جذبات، امیدوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
یہ نغمہ معروف گلوکار واجد سعید کی آواز میں پیش کیا گیا ہے، جس کے بول کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ نغمے کے الفاظ "تمہارے ساتھ تھے اور ساتھ ہم رہیں گے” کشمیری عوام کے لیے حمایت اور ساتھ نبھانے کے عزم کو نمایاں کرتے ہیں۔
نغمے میں کشمیری عوام کی ثابت قدمی، حوصلے اور اپنے حقوق کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ دل کو چھو لینے والی دھن اور پُراثر بول امید، عزم اور استقامت کے پیغام کو نمایاں کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نغمے میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی مشکلات، خواتین اور بچوں کو درپیش مسائل سمیت کشمیری عوام کے حالات کی عکاسی بھی کی گئی ہے۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کر رہا ہے اور اس مؤقف کو دہرا رہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا رہے گا۔