...

ڈیجیٹل انفراسٹرکچر: پاکستان میں اسمارٹ فون صارفین 72 فیصد تک پہنچ گئے، وزیراعظم کی بہتری کی ہدایت

ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے اور آئی ٹی شعبے کی ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت کی پیش رفت اور مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025ء میں موبائل اسپیکٹرم کی دستیاب گنجائش 274 میگا ہرٹز تھی، جو جون 2026ء تک بڑھ کر 880 میگا ہرٹز ہو گئی۔ حکام کے مطابق اس اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار، نیٹ ورک کی استعداد اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اجلاس کو "کنیکٹ پاکستان وژن 2030ء” کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے، جبکہ جون 2026ء تک ملک بھر میں 5.1 ملین گھروں کو فکسڈ براڈ بینڈ اور فائبر کنکشن فراہم کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق گزشتہ مالی سال آئی ٹی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1.1647 ارب امریکی ڈالر رہا، جبکہ "ڈیجیٹل نیشن پاکستان” پروگرام کے تحت حکومت کی 130 سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی شعبے میں 942,646 تربیتی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، 5,053 اعلیٰ تربیتی پروگرام منعقد ہوئے اور لیڈرشپ و سافٹ اسکلز سے متعلق 2,700 تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کا افتتاح بھی جلد متوقع ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت متعدد وفاقی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت (AI) کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، پاکستان ریلوے، پاکستان پوسٹ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر ادارے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے سالانہ آئی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافے کے بعد ان کا حجم 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزارتِ آئی ٹی اور متعلقہ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت سے متعلق پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی تربیتی پروگراموں کی آزادانہ جانچ یقینی بنائی جائے اور تربیت کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.