کراچی پولیس نے یکم محرم الحرام 1448ھ کے موقع پر حضرت عمر فاروقؓ کے یومِ شہادت کی مناسبت سے نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہر بھر میں جلوس کے روٹ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق جلوس کی نگرانی کے لیے بھاری نفری، ریزرو فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے اہلکار تعینات ہوں گے۔
سیکیورٹی پلان کے تحت ناکہ بندی، روف ٹاپ نگرانی، واک تھرو گیٹس اور ہنگامی طبی امداد کے خصوصی انتظامات بھی شامل کیے گئے ہیں تاکہ جلوس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ جلوس کے دوران مؤثر ٹریفک مینجمنٹ یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو متبادل راستوں سے آگاہ رکھا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
کراچی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع مددگار 15 پر دیں۔