آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے حسینہ معین ہال میں معروف مصنف محمد سجاد احمد خان کی کتاب "جاوید میانداد: کرکٹ کا فیلڈ مارشل” کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔
کراچی میں 2 ہزار ارب کے ترقیاتی منصوبے جاری
تقریب کی صدارت احمد شاہ نے کی۔ تقریب میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز، ادیبوں، صحافیوں اور کرکٹ شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرکٹ دنیا کا دوسرا مقبول ترین کھیل ہے۔ پاکستان میں یہ ہر طبقے کے لوگوں کا پسندیدہ کھیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ واحد کھیل ہے جو غریب اور امیر کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔ پاکستان کے میچ کے دوران پوری قوم متحد نظر آتی ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے کہا کہ جاوید میانداد نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور شاندار کھیل سے پاکستانی کرکٹ کو نئی شناخت دی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا کہ جاوید میانداد جیسا کرکٹر پیدا ہونا مشکل ہے۔ ان کا کھیل سے جذبہ اور لگن مثالی تھی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ جاوید میانداد بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ وہ نظم و ضبط کے ساتھ ساتھی کھلاڑیوں کے حوصلے بھی بلند رکھتے تھے۔
سینئر صحافی شاہ ولی اللہ جنیدی نے کہا کہ جاوید میانداد نے اپنی صلاحیتوں اور جرات سے پاکستانی کرکٹ کو نئی جہت دی۔ انہوں نے کتاب کو ایک اہم تحقیقی اور علمی کاوش قرار دیا۔
طبیعت ناساز ہونے کے باعث سابق کپتان جاوید میانداد اور فرسٹ کلاس کرکٹر مبصر قمر احمد نے ٹیلی فون پر خطاب کیا۔
تقریب سے اقبال الرحمان مانڈویا، اقبال لطیف اور مصنف محمد سجاد احمد خان نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ یہ کتاب جاوید میانداد کی شخصیت، کھیل اور قومی خدمات کا جامع احاطہ کرتی ہے۔ ان کے مطابق یہ تصنیف کرکٹ شائقین اور محققین کے لیے ایک اہم حوالہ ثابت ہوگی۔
