کراچی: پی ایس 102 کی یوسیز 1 سے 6 میں صفائی کی خراب صورتحال پر محمد عامر صدیقی نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایم ڈی کو خط لکھ کر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، ترقیاتی منصوبوں اور مالی امور کی منظوری
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علاقے میں صفائی کا نظام مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا اور عملہ صرف مختصر وقت کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کے بعد غائب ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ صفائی کے عملے کے مبینہ طور پر یوسی چیئرمین کے دفاتر میں وقت گزارنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
محمد عامر صدیقی نے خط میں صفائی عملے کی تعیناتی، عمر، تنخواہوں اور مکمل ریکارڈ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کم عمر افراد سے صفائی کے کام لینے کے الزامات پر وضاحت بھی مانگی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ زمینی حقائق اور سرکاری رپورٹس میں واضح تضاد پایا جاتا ہے، جبکہ علاقے میں کچرے کے ڈھیر شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
خط میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سے صفائی عملے کی مکمل فہرست، رابطہ معلومات اور مانیٹرنگ نظام کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ایم ڈی کے ساتھ مشترکہ فیلڈ دورے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
محمد عامر صدیقی نے کہا کہ صفائی کے نظام میں فوری اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

