سنجے دت اور وسیم اکرم کی ملاقات، ’’ وسیم بھائی کرکٹ کے خدا ہیں ‘‘، بھارتی اداکار

ویب ڈیسک،

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم  اور بھارتی فلم انڈسٹری ( بالی ووڈ ) کے معروف اداکار سنجے دت کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران بھارتی اداکار نے سلطان آف سوئنگ کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر سابق کپتان وسیم اکرم کی جانب سے بھارتی اداکار سنجے دت کے ساتھ تصویر شیئر کی گئی جس میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

سابق کپتان اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’’ تقریباً ایک دہائی کے بعد اپنے دوست سنجے دت کو دیکھ کر بہت اچھا لگا ‘‘۔

وسیم اکرم کی جانب سے اپنی پوسٹ میں ’’ کھلنائیک ‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی شیئر کیا گیا جو کہ سنجے دت کی ہٹ ترین فلموں میں سے ایک فلم کا ٹائٹل ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اور سنجے کے درمیان ملاقات دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ہوئی جہاں بالی ووڈ کے مشہور اداکار نے پاکستان کے سابق کپتان اور اب تک کے سب سے بڑے بائیں ہاتھ کے تیز فاسٹ باؤلر کی تعریف کی۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو کے مطابق سنجے دت کا کہنا تھا کہ وسیم بھائی کے ساتھ یہاں ہونا اعزاز کی بات ہے، وہ میرے بھائی ہیں اور میں انہیں برسوں سے جانتا ہوں، وہ ان عظیم کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنہیں میں نے اپنی زندگی میں دیکھا ہے۔

سنجے دت نے کہا کہ ’’ وسیم بھائی کرکٹ کے خدا ہیں ‘‘ ان کی ریورس سوئنگ بہت زبردست تھی اور ہر کوئی اس سے ڈرتا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!