کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون کے تحت تھانہ ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران تقریباً 1000 لیٹر غیر قانونی ڈیزل برآمد کیا گیا اور دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
میرپورخاص بورڈ میں نتائج میں بدعنوانی کا اسکینڈل
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر مین روڈ شاہراہِ پاکستان، سہراب گوٹھ پل نزد D-7 بس اسٹاپ کے قریب ایک مشکوک سوزوکی گاڑی نمبر KU-7309 کو روکا گیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے ڈیزل کو گاڑی میں دھاتی ہُد کے اندر چھپایا ہوا تھا تاکہ قانون کی نظروں سے بچایا جا سکے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت حبیب رسول ولد اکبر خان اور طارق محمود ولد فقیر محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے گاڑی اور برآمد شدہ ڈیزل قبضہ میں لے کر ملزمان کو تھانے منتقل کیا اور کسٹم حکام کو بھی بروقت اطلاع دی گئی۔ ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی جاری ہے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور کسی کو بھی ملک کی اقتصادی وسائل کی غیر قانونی منتقلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
