تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹر سوچ رہا ہے کہ جب لوگ بلے کے نشان پر جیت کر بھی وفادار نہیں رہے، جب پی ٹی آئی کے گورنر اور وزیر بھی تتر بتر ہو گئے تو آزاد امیدوار کہاں جائیں گے؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگ جانتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے لوگ بکتے اور جھکتے نہیں اس لیے کراچی کے عوام کی چوائس جماعت اسلامی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ ہم سب سے بڑی جماعت ہوں گے، اب بھی یہی بات کہہ رہا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ سرویز کے مطابق عوامی پذیرائی میں پی ٹی آئی اور پی پی پی کا اپنے اپنے علاقوں میں ووٹ بینک ہے لیکن متحدہ قومی موومنٹ کہیں نہیں ہے۔
اس سے قبل ناظم آباد میں خواتین کنونشن سے خطاب میں 28 جنوری کو باغ جناح میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسے میں ’منشور کراچی‘ کی بات ہوگی، کراچی آگے بڑھتا ہے تو ملک کی معاشی صورتحال بھی بہتر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کسی کو اس ملک اور صوبے میں حکومت چلانی اور ترقیاتی منصوبے بنانے ہیں وہ جماعت اسلامی کے بغیر ایسا نہیں کرسکیں گے۔
