قاہرہ (اسٹاف رپورٹر) — فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مصر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ مصری وزارت دفاع پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے نامعلوم سپاہی کی یادگار اور سابق صدر انور السادات کی قبر پر پھول چڑھائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورہ مصر کا مقصد عسکری تعاون اور دفاعی اشتراک کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مصری وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالمجید سقر سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران ان کی مصری چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے بھی ملاقات ہوئی۔ دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان مضبوط عسکری تعلقات دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفاد میں ہیں، جبکہ دونوں ممالک کا تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جامعۃ الازہر کے شیخِ اعظم احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلام کی اصل تعلیمات کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
شیخِ الازہر نے کہا کہ مسلم دنیا کو اتحاد، رواداری اور علم کے فروغ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہا پسندانہ نظریات اور اسلام کی مسخ شدہ تشریحات کے خاتمے پر زور دیا۔
