کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم نے اپنی زندگی میں ایک اور جشنِ آزادی دیکھا اور اس مرتبہ معرکۂ حق میں مسلح افواج کی شاندار کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کر دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کے بعد بھارت عالمی سطح پر تنہا اور معاشی و سفارتی اعتبار سے کمزور ہو چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے)، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے)، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری اور نارتھ کراچی ٹریڈرز ایسوسی ایشن سمیت مختلف اداروں کی جانب سے منعقدہ جشنِ آزادی اور پرچم کشائی کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایس بی سی اے کی تقریب میں ڈی جی شہمیر بھٹو، مشتاق سومرو اور دیگر افسران شریک ہوئے، جہاں پرچم کشائی، قومی ترانہ اور کیک کاٹا گیا۔ کے ڈی اے کی تقریب میں ڈی جی آصف جان صدیقی، چیف انجینئر عبدالصمد جملانی اور افسران و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سعید غنی نے کہا کہ اس سال جشنِ آزادی کو مسلک، مذہب اور لسانیت سے بالاتر ہو کر منایا گیا، جو قومی اتحاد کی واضح مثال ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اسپورٹس، کلچر اور لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹس کے اشتراک سے سینکڑوں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جشنِ آزادی دراصل بھارت کے خلاف فتح کا جشن بھی ہے اور اب ہمیں سیاسی و نظریاتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر متحد رہنا ہوگا۔

