کراچی — جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سروسز اور اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام 78ویں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے موقع پر جھنڈا لہرا کر تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ جامعہ کی ترجمان فروا حسن کے مطابق تقریب میں چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ، ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قومی عید کی حیثیت رکھتا ہے اور پوری قوم اس خوشی میں شریک ہے۔
انہوں نے کاؤس جی اسکول اور این ای ڈی کے طلبہ کو ملک سے محبت اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں نام اور پہچان دی، اب ہمیں اپنی قابلیت سے دنیا بھر میں اس کی پہچان بننا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستان کا قد مزید بلند کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ اس میں مزید اضافہ کرے۔
تقریب میں سیکریٹری یونیورسٹی اینڈ بورڈز ڈاکٹر عباس بلوچ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد، ڈینز، رجسٹرار، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈپٹی رجسٹرار سیکیورٹی مخدوم خالد ہاشمی، ڈائریکٹر سروسز اظہر اقبال اور کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر علی حسن محمود بھی شریک ہوئے۔
طلبہ نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے تقریب کو حب الوطنی کے جذبے سے بھر دیا۔ ان کی آنکھوں میں مستقبل کے سنہرے خواب اور وطن سے محبت کی روشنی جھلک رہی تھی۔
