کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے شاہ فیصل، لیاری اور اورنگی ڈویژنز میں تین الگ الگ کارروائیوں کے دوران موٹرسائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث تین گینگز کے 9 سرکردہ ملزمان کو گرفتار کر کے متعدد مسروقہ موٹرسائیکلز برآمد کر لیں۔
اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، 16.4 کلو منشیات برآمد، 2 اسمگلر گرفتار
پہلی کارروائی میں شاہ فیصل ڈویژن نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے الفلاح کے علاقے میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے والے 5 ملزمان — آصف عرف کاشی ولد فرید خان، اذان خان ولد کشمیر خان، شہباز ولد ظفر اقبال، محمد اسد ولد غلام یاسین اور محمد کامران ولد مشتاق احمد — کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے تھانہ الفلاح سے چوری شدہ 2 موٹرسائیکلز برآمد ہوئیں۔
دوسری کارروائی میں اے وی ایل سی لیاری ڈویژن نے لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان — نذیر احمد نوناری اور امتیاز علی بھٹی — کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے تھانہ سرسید اور تھانہ سولجر بازار کے مقدمات میں مطلوب 2 موٹرسائیکلز برآمد ہوئیں۔
تیسری کارروائی کے دوران اورنگی ڈویژن نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل/موبائل فون چھیننے والے گینگ کے 2 ملزمان وقار اور وقاص کو گرفتار کیا، جن میں وقاص واردات کی ویڈیو میں واضح طور پر نظر آیا۔ دونوں سے نیو کراچی اور منگھو پیر کے مقدمات میں مطلوب 2 موٹرسائیکلز برآمد کی گئیں۔
ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید انکشافات اور برآمدگیاں متوقع ہیں، جبکہ تفتیش جاری ہے۔
