کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کراچی رینج شوکت علی کھٹیان نے پولیس سرجن آفس کا دورہ کیا، جہاں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ طارق نے انہیں میڈیکو لیگل افسران کے فرائض، ذمہ داریوں اور طبی معائنے کے عمل سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔
ایس بی سی اے حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے افسران کے لیے جہنم میں خاص جگہ ہوگی جسٹس اقبال کلہوڑو
ملاقات میں انویسٹی گیشن اور میڈیکو لیگل کارروائی کے دوران درپیش مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس اور میڈیکو لیگل اداروں کے درمیان مؤثر تعاون سے تفتیش کے معیار اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ڈی آئی جی شوکت علی کھٹیان نے پولیس سرجن آفس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اور معیاری طبی معائنہ انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ڈاکٹر سمیہ طارق نے یقین دہانی کرائی کہ ایم ایل اوز کے کام کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ڈاکٹر سمیہ طارق اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کا تعاون آئندہ بھی اسی جذبے سے جاری رہے گا۔
