اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا کی جانب سے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خوش آئند ہے۔
شاہراہِ نور جہاں پر نوجوان کو ہراساں کرنے والے پولیس اہلکار معطل ایس ایس پی سینٹرل کا ایکشن
ترجمان کے مطابق پاکستان نے 18 جولائی 2024 کو مجید بریگیڈ کو کالعدم قرار دیا تھا، جبکہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ متعدد مہلک دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہیں، جن میں جعفر ایکسپریس اور خضدار بس حملے شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط حصار ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ساتھ ہی عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق 2019 میں بی ایل اے کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، جبکہ مجید بریگیڈ بی ایل اے کے ہی عالمی دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادر میں خودکش حملوں جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں 31 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے۔
