لاہور: کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے سی ایم ایچ میڈیکل کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں خطاب کیا۔
ملک دشمن سازشوں کا مقابلہ اتحاد سے ہی ممکن ہے، حکمران عوامی مسائل حل کریں: محمد شاداب رضا نقشبندی
اپنے جامع اور بصیرت افروز خطاب میں کور کمانڈر نے "معرکہءِ حق” کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور حالیہ پاک بھارت جنگ کے تناظر میں عالمی اور علاقائی سطح پر پیدا ہونے والے دور رس اثرات کا تفصیل سے جائزہ پیش کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح پوری قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اور دنیا اب اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی عسکری اور قومی طاقت کو دنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے، اور یہ قومی غیرت و حمیت کی ایک تابناک مثال ہے۔
نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل میں نوجوان نسل کا کردار نہایت کلیدی ہے، اور سی ایم ایچ میڈیکل کالج کے طلبہ شعبہ طب میں قوم کی مثالی خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: "ہم سب نے مل کر وطن عزیز کو محفوظ، پرامن اور مضبوط تر بنانا ہے، یہی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔”
