کراچی (کرائم رپورٹر) — ایس آئی یو / سی آئی اے پولیس نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم وزیر عرف ملک اجمل کو کورنگی کے علاقے ناصر کالونی سے حراست میں لیا گیا۔
ملیر سٹی پولیس کی کارروائی، اسٹریٹ کرائمز میں ملوث دو ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
ایس ایس پی سی آئی اے محمد شعیب میمن کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے شہر میں متعدد لوٹ مار کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
شعیب میمن کے مطابق ملزم اور اس کا گروہ کورنگی، لانڈھی، قیوم آباد، طارق روڈ اور شاہراہِ فیصل کے علاقوں میں شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے۔ گروہ کے ارکان چھینے گئے قیمتی موبائل فونز آن لائن سیلر ایپلی کیشنز کے ذریعے فروخت کر دیتے تھے۔
سی آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی شعیب میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
