اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ 6 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 223 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔
ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس، سالانہ بجٹ 2025-26 منظور
تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں:
راولپنڈی کے علاقے چوہڑ چوک میں گاڑی پر چھاپے کے دوران 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فراہم کرتا تھا۔
دیگر اہم کارروائیاں:
-
فیصل آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف حکام نے دبئی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 340 گرام وزنی 69 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کر لیے۔
-
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب ایک گاڑی سے 126 کلوگرام آئس اور 18 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی، دو ملزمان گرفتار۔
-
گلستان جوہر، کراچی میں ایک رہائشی مکان پر کارروائی کے دوران 72 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
-
اسلام آباد کے قریب ترنول پھاٹک پر ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس اور 290 گرام افیون برآمد ہوئی، دو افراد گرفتار۔
-
ترکئی ٹول پلازہ، سوہاوہ کے قریب ایک مسافر وین میں سوار دو افراد سے بھی 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف ملک گیر آپریشنز جاری رہیں گے اور بالخصوص تعلیمی اداروں کے گرد نگرانی مزید سخت کی جائے گی۔

