کراچی (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ثقافت سندھ کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی اور "مارکۂ حق” کے سلسلے میں منعقدہ ایک رنگارنگ تقریب میں خصوصی بچوں کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کی شاندار پرفارمنس کو سراہا اور ان کے ساتھ خوب وقت گزارا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے نہ صرف بچوں کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھ کر ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ان کے ساتھ قومی نغمے بھی گائے اور پرچم لہرایا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ محکمہ ثقافت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس باوقار تقریب کا انعقاد خصوصی بچوں کے ساتھ کیا۔ "بچوں نے جو جذبہ دکھایا، وہ قابلِ تحسین ہے، ہم نے تقریب سے بھرپور لطف اٹھایا”، وزیراعلیٰ نے کہا۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور گروپ فوٹو بھی بنوایا، جو تقریب کی یادگار بن گئی۔
وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ، معروف اداکار جاوید شیخ اور ایوب کھوسو بھی تقریب میں وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے خصوصی بچوں کے فن کو سراہا اور انہیں داد دی۔
یہ تقریب بچوں کے چہروں پر خوشی اور اعتماد لانے کا خوبصورت ذریعہ بنی، جس نے جشنِ آزادی کے جذبے کو دوچند کر دیا۔
