اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو مالی سال 2024-25 کے لیے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرانے کے حوالے سے یاددہانی نوٹس جاری کردیا ہے۔
اداکارہ ہما قریشی کے چچازاد بھائی دہلی میں قتل، معمولی تنازع جان لیوا بن گیا
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتوں کو 29 اگست 2025 تک اپنے مالی گوشوارے "فارم ڈی” پر، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی آڈٹ رپورٹ کے ساتھ جمع کرانے ہوں گے۔
کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی سربراہ کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ نہ لینے کی باقاعدہ تصدیق بھی لازمی ہوگی۔ گوشوارے میں جماعت کی آمدنی، اخراجات، فنڈنگ ذرائع، اثاثوں اور واجبات کی مکمل تفصیل دینا لازم ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ فارم میں اوور رائٹنگ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگی اور اس کے ساتھ آئی سی اے پی (انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان) کے رکن کا درست سرٹیفکیٹ منسلک ہونا چاہیے۔
مزید برآں، مالی سال یکم جولائی 2024 سے 30 جون 2025 تک کی بینک اسٹیٹمنٹس بھی لازمی طور پر ساتھ لگائی جائیں گی۔ فارم صرف بااختیار جماعتی عہدیدار خود الیکشن کمیشن میں جمع کرا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ وقت میں تفصیلات جمع کرا کے آئینی تقاضے پورے کریں تاکہ انتخابی عمل شفاف بنایا جا سکے۔
