سندھ بھر میں "معرکۂ حق جشنِ آزادی” کی تقریبات زور و شور سے جاری، فرئیر ہال اور شارعِ قائدین پر خصوصی ایونٹس کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزراء سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ اور سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح سندھ میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر "معرکۂ حق جشنِ آزادی” کی تقریبات جوش و خروش سے منائی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرئیر ہال کراچی میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے 8 سے 10 اگست تک جاری رہنے والے "آزادی فیملی فیسٹیول” کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

پاک بحریہ اور اے این ایف کی مشترکہ کارروائی 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات ضبط

تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے بتایا کہ فرئیر ہال میں فیملی فیسٹیول روزانہ شام 4 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گا، جس میں فوڈ اسٹریٹ، بچوں کے لئے کڈز ایریا، منی زو، اشیائے ضروریہ کے اسٹالز، میجک اور پیٹ شوز سمیت تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ روزانہ رات 8 بجے سے 11 بجے تک میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد ہوگا جس میں معروف گلوکار پرفارم کریں گے۔

اسی سلسلے میں 11 سے 13 اگست تک "آزادی قائدین کے ساتھ” کے عنوان سے شارعِ قائدین پر تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں شہداء اور قومی رہنماؤں کے پورٹریٹس، ملی نغمے، قومی ترانہ، پرچم کشائی اور سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے تیار کردہ خصوصی فلوٹ شامل ہوگا جو گشت کرے گا اور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر شارعِ قائدین کو رنگ برنگی لائٹس اور پاکستانی پرچموں سے سجایا جارہا ہے۔

سعید غنی نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

  • 8 اگست: رانی باغ حیدرآباد میں میوزیکل کنسرٹ

  • 9 اگست: کراچی ایکسپو سینٹر میں عالمی جشنِ آزادی مشاعرہ

  • 10 اگست: سکھر میونسپل اسٹیڈیم میں کنسرٹ

  • 13 اگست: کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں گرینڈ میوزیکل اور لیزر لائٹ شو

ان تقریبات میں راحت فتح علی خان، عاطف اسلم، سجاد علی، صنم ماروی سمیت دیگر مشہور فنکار شرکت کریں گے۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں سندھ کے ہر شہر، قصبے اور گلی میں جشنِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں، جوش و جذبہ ہر دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لئے متحد ہیں اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔

وزیر ثقافت سید ذوالفقار شاہ نے بتایا کہ محکمہ ثقافت کے تحت بھی روزانہ کی بنیاد پر تقریبات جاری ہیں، جمعہ کو خصوصی بچوں کے لیے بھی تقاریب رکھی گئی ہیں، جبکہ 9 سے 11 اگست تک بھٹ شاہ میں صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر تین روزہ تقریبات ہوں گی، اور 14 اگست کو خصوصی ٹرین زیرو پوائنٹ تک چلائی جائے گی۔

65 / 100 SEO Score

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!