کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے-الیکٹرک کی جانب سے 4 اگست بروز پیر بن قاسم کلسٹر کے تحت آنے والے دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر ضروری مینٹیننس کا کام انجام دیا جائے گا۔ اس دوران صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک بجلی کی فراہمی 9 گھنٹے کے لیے جزوی طور پر معطل رہے گی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق اس مینٹیننس کے باعث کراچی شہر کو پانی کی یومیہ فراہمی میں 100 ملین گیلن تک کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔
شہر کو اس وقت یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم شٹ ڈاؤن کے دوران 550 ملین گیلن پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی ہو۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ شٹ ڈاؤن کے-الیکٹرک کے ڈپٹی جنرل منیجر برائے گرڈ سسٹم آپریشنز کی جانب سے واٹر کارپوریشن کو موصول ہونے والی باقاعدہ اطلاع پر عمل میں لایا جا رہا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس عارضی صورتحال میں پانی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور ادارے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
