کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں جشنِ آزادی "معرکۂ حق” کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، شہریوں، تاجروں، سفارتکاروں اور قونصل جنرلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چنیسر ٹاؤن میں “معرکہ حق” واک سے جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز، شاہراہِ فیصل پر قومی جذبے کا مظاہرہ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے "معرکۂ حق” میں فتح حاصل کی، آرمی اور نیوی نے بھارت کو اس کے تمام تر وسائل کے باوجود شکست سے دوچار کیا، اور پوری قوم نے اتحاد کا ثبوت دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی عوام متحد ہیں۔
جذبہ آزادی میں اضافہ
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اگست کا مہینہ ہماری تاریخ کا اہم باب ہے، اور اس سال جشنِ آزادی کا جذبہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ گورنر ہاؤس میں یکم تا 14 اگست روزانہ تقریبات منعقد ہوں گی جن میں ریلیاں، مشاعرے، اور معروف گلوکاروں کی پرفارمنسز شامل ہوں گی۔
عوام کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھول دیے گئے
گورنر سندھ نے دعوتِ عام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی شہری ان تقریبات میں بلا روک ٹوک شرکت کر سکتا ہے۔ یہ پروگرام صرف حکومت کا نہیں، بلکہ عوامی جذبے اور تعاون کا مظہر ہے۔
بین الاقوامی حمایت کا تذکرہ
تقریب میں شریک سفارتی نمائندگان میں سعودی عرب، روس اور دیگر ممالک کے قونصل جنرلز شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سعودی عرب، چین، ترکی، انڈونیشیا، ایران اور یو اے ای جیسے ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی سفارتی سطح پر تائید کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کو چین سے ایسی ٹیکنالوجی ملی جس کی بدولت بھارتی رافیل طیارے مار گرائے گئے، اور ہم نے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی۔
تقریبات میں فنکاروں کی شرکت
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ علی ظفر کراچی اور حیدرآباد میں پرفارم کریں گے، جبکہ عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سے بھی بات چیت جاری ہے۔ یہ تقریبات سرکاری اسپانسرز کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔ مالی تعاون دینے والوں میں ٹوئیوٹا، کراؤن بائیک، اور علی شیخانی شامل ہیں۔
بھارت کو سخت پیغام
تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے کہا کہ "اگر بھارت نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔” ہم متحد ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان ناقابلِ تقسیم ہے۔
