کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے ساحلی علاقے دو دریا، سی ویو کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں ایک 40 سالہ شخص نے اپنے دو کمسن بچوں سمیت سمندر میں چھلانگ لگا دی۔
مبینہ ٹاؤن پولیس کا کامیاب مقابلہ، یونیورسٹی روڈ پر مطلوب ڈاکو گرفتار
عینی شاہدین کے مطابق، مذکورہ شخص نے پہلے اپنے 6 سے 7 سال کے دو بچوں کو سمندر میں پھینکا اور پھر خود بھی کود گیا۔ واقعہ شام کے وقت پیش آیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو اداروں کے مطابق، اندھیرے اور مدو جزر کے باعث آپریشن کو سات گھنٹے کی مسلسل کوشش کے بعد روکنا پڑا۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ نمازِ فجر کے بعد تلاش کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق تاحال ڈوبنے والے تینوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم تفتیش جاری ہے کہ واقعہ خودکشی تھا یا کوئی اور محرک اس کے پیچھے کارفرما ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو تحقیقات کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ڈوبنے والے افراد کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
