کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر تھانہ مبینہ ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو عادی و مطلوب ڈاکوؤں کو بلا ضرب گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو اس وقت روکا گیا جب وہ مشکوک موٹر سائیکل پر سوار تھے، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے حکمتِ عملی سے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو بغیر کوئی گولی لگے حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پسٹلز، ایمونیشن، لوٹی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی تھانہ سعود آباد کی حدود سے اسلحہ کے زور پر چھینی گئی تھی۔
تفتیش کے دوران دونوں گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ایک ہی روز میں منگھوپیر، سعودآباد اور یونیورسٹی روڈ پر وارداتیں کیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے، اور یہ متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت زاہد حسین ولد خدا بخش اور غلام علی ولد غلام شبیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

