کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کراچی ڈویژن کی جانب سے سمن آباد آفس میں نیازِ حسین رضی اللہ عنہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ممتاز سیاسی، سماجی و صحافتی شخصیات، جی ڈی اے کے رہنما سردار رحیم اور بزنس کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
گلشنِ اقبال میں منشیات و گٹکا فروشوں کے خلاف پولیس کی کامیاب کارروائیاں تین ملزمان گرفتار
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم (حقیقی) کے سربراہ آفاق احمد نے کہا کہ "نمبر پلیٹ پر اجرک کا معاملہ غیر ضروری طور پر لسانی رنگ دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اگر سیکیورٹی فیچرز کی بات کر رہی ہے تو ضرور کرے، مگر اجرک کو مہاجروں پر زبردستی تھوپنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔”
انہوں نے کہا کہ "میں ہر قوم کی ثقافت کا دل سے احترام کرتا ہوں، لیکن احترام کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اسے زبردستی اپنا لیا جائے۔” آفاق احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے میرے موقف کو لسانیت سے جوڑ کر سندھی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔ "دریا بچاؤ تحریک کے دوران مجھے اجرک پہنائی گئی، اور میں نے اسے عزت دی کیونکہ وہ ایک تحفہ تھی، لیکن تحفہ اور مسلط کرنے میں فرق ہوتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ "اگر حکومت کراچی کا ٹریفک نظام بہتر بنانا چاہتی ہے تو صرف نمبر پلیٹ بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا، پہلے سڑکیں مرمت کرے، سیکیورٹی کیمرے نصب کرے، اور کچی آبادیاں ختم کرے۔”
آفاق احمد نے کہا کہ "میں نے ہمیشہ اپنی قوم کا مقدمہ لڑا ہے اور آئندہ بھی لڑتا رہوں گا۔ ہمیں اپنی شناخت پر فخر ہے اور کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ ہمیں کسی اور شناخت کے خول میں قید کرے۔”
