ماسکو: روس کے مشرقی دور دراز علاقے امور میں ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں 49 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثہ چین کی سرحد کے قریب پیش آیا۔
مستونگ میں فتنۂ الہندستان کے تین دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید، آپریشن کلین اپ جاری
روسی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ نجی ایئرلائن ’انگارا‘ کا Antonov An-24 تھا، جو سائبیریا کے علاقے سے ٹِنڈا شہر کی طرف روانہ ہوا تھا۔
وزارت برائے ہنگامی حالات کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران طیارہ اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا، جس کے بعد روساویاتسیا کے ایک ہیلی کاپٹر کو تلاش کے لیے روانہ کیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کو طیارے کی جلتی ہوئی فیوزلاج اور ملبہ امور کے جنگلاتی علاقے میں ملا۔
علاقائی گورنر واسیلی اورلوف کے مطابق طیارے میں 43 مسافر سوار تھے جن میں 5 بچے بھی شامل تھے، جبکہ عملے کے 6 افراد بھی طیارے میں موجود تھے۔
تاہم وزارت ہنگامی حالات نے مجموعی طور پر سوار افراد کی تعداد تقریباً 40 بتائی ہے، جس میں ممکنہ کمی بیشی کا امکان موجود ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ خراب موسم اور لینڈنگ کے دوران پائلٹ کی تکنیکی غلطی بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
روس کے دور افتادہ علاقوں میں اس نوعیت کے فضائی حادثات کوئی نئی بات نہیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں فضائی سہولیات محدود اور موسمی حالات نہایت سخت ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2021 میں بھی An-26 طیارہ مشرق بعید میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں 28 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
