ٹھٹھہ: مکلی بائی پاس پر پولیس نے منشیات کی خفیہ اطلاع پر ایک مشتبہ ریو کار کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار ملزمان پولیس موبائل کو ٹکر مار کر فرار ہو گئے، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہو گئے۔
شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، اسٹریٹ کرائم میں ملوث موٹرسائیکل لفٹرز گرفتار
پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی میں بھاری مقدار میں مضر صحت چھالیہ، ماوا اور گٹکا موجود تھا۔ اہلکاروں کی جانب سے گاڑی کو روکنے کی کوشش پر منشیات فروشوں نے نہ صرف گاڑی بھگائی بلکہ پولیس موبائل کو دانستہ طور پر ٹکر مار کر جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی تاہم گاڑی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ دن دہاڑے اس نوعیت کی واردات سے شہریوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق بجارانی کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے، اور فرار ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔