انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 32 کارکنان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
قلات میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارت حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک
یہ مقدمہ تھانہ موسیٰ خیل میں درج کیا گیا تھا (مقدمہ نمبر 72/2023) جس میں ملزمان پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، شدید ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
عدالت کے مطابق احمد خان بھچر، ایم این اے رانا بلال، احمد چٹھہ سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں کو نقص امن اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ عدالت نے پی ٹی آئی کے مزید 80 کارکنان کو بھی مختلف الزامات میں قصوروار قرار دیا، جن میں سے کئی کو مختلف سزائیں دی جائیں گی۔
پی ٹی آئی کے وکلاء نے عدالتی فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے اس پر شدید ردعمل دیا اور اعلان کیا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں سے متعلق درج مقدمات کی سماعتیں تیز رفتاری سے جاری ہیں، اور پی ٹی آئی کے درجنوں رہنما و کارکنان عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
