کراچی: پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پیپ) کی جانب سے کراچی پریس کلب میں اپنے ممبران کے درمیان کیمرا بیگز کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو تھے، جنہوں نے پہلی مرتبہ کراچی پریس کلب کا دورہ کیا۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے شعبے میں فوٹوگرافرز کا کردار انتہائی اہم اور ناقابل فراموش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "فریڈم آف پریس” اور قومی بیانیے کی مؤثر عکاسی میں فوٹوگرافرز کی خدمات کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے سابق صدر اور پیپ ٹرسٹ کے سربراہ جی ایم جمالی نے کہا کہ آج کا صحافی بالخصوص فوٹوگرافر فیلڈ میں درپیش خطرات کے باوجود فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپ ایک تنظیم نہیں بلکہ ایک جذبے کا نام ہے، جو صحافت کے ساتھ ساتھ اپنے ممبران کی بہبود میں بھی مسلسل مصروف عمل ہے۔
معروف کاروباری شخصیات سید حیدر شاہ اور شوکت جیلانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ حیدر شاہ نے فوٹوگرافرز کو صحافت کی آنکھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر فوٹو کے کوئی بھی خبر مکمل نہیں ہوتی۔ شوکت جیلانی نے ایسوسی ایشن کی سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ کی فیملی پکنک کے بعد اب کیمرا بیگز کی تقسیم ایک اور عمدہ مثال ہے۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے صدر محمد جمیل نے کہا کہ تنظیم نے ہمیشہ فوٹوگرافرز کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
پیپ کے سیکریٹری نعمان نظامی نے اعلان کیا کہ تنظیم جلد تربیتی ورکشاپس منعقد کرے گی، جن میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پریس فوٹوگرافرز کو مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نئی رکنیت کا عمل بھی شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں خواتین فوٹوگرافرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی جمال سانگو، جی ایم جمالی، سید حیدر شاہ، شوکت جیلانی، نائب صدر اعجاز کورائی، جوائنٹ سیکریٹری محمد عظیم، خازن سید عمران علی، رانا محمد طاہر، لیاقت للہ اور دیگر ممبران کو ایسوسی ایشن کی جانب سے شکریہ پیش کیا گیا۔
