راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) – چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے عوامی جمہوریہ چین کی مسلح افواج پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
A پلس کیٹیگری منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں، آئی جی سندھ کا ضلعی پولیس کو واضح پیغام
تقریب میں اعلیٰ سطحی عسکری و سول حکام، سفارتی نمائندگان، میڈیا، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے ممتاز افراد نے شرکت کی، جو پاک چین تعلقات میں گہری عوامی اور ادارہ جاتی وابستگی کی غمازی کرتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چینی عوام، عسکری قیادت اور PLA کے تمام افسران و جوانوں کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں چین نے اقتصادی، عسکری اور تکنیکی شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے اور وہ آج دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کا ایک مضبوط ستون بن چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو "آہنی برادری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر سطح پر باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، خصوصاً دفاع، معیشت، سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں۔
انہوں نے چینی شہریوں کے تحفظ، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی سلامتی اور ترقی، دفاعی اشتراک اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جے سی ایس سی نے اپنے خطاب میں چین کے موجودہ کردار کو خطے میں توازن و امن کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
