کراچی: ملیر پولیس نے شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے جام کنڈا میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی کمپاؤنڈ پر ٹارگٹڈ چھاپہ مارا، جہاں سے بڑی مقدار میں مضر صحت گٹکا ماوا اور چھالیہ برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن: 186 کلو سے زائد منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق کارروائی کے دوران کمپاؤنڈ سے 120 کلوگرام سے زائد چھالیہ، 250 تیار شدہ پڑیاں گٹکا ماوا، 12 کلوگرام سے زائد تیار شدہ گٹکا ماوا، پتی، چونا اور دیگر مضر صحت اشیاء برآمد ہوئیں جو گٹکا ماوا کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان یہ مواد تیار کر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ برآمد شدہ تمام اشیاء کو ضابطے کی کارروائی کے تحت قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ملزمان چھاپے کے دوران موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، اور تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
