کراچی: نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے رہائشی جمیل خان نے اپنے صنعتی پلاٹ پر قبضے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ قبضہ مافیا کے کارندے ایاز مغل اور ریاض مغل نے جعلی دستاویزات کے ذریعے ان کی ملکیت پر غیرقانونی قبضہ جما رکھا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
جمیل خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس ناجائز قبضے کے خلاف معزز عدالت سے رجوع کیا، جہاں سے فیصلہ ان کے حق میں سنایا گیا۔ "میں عدالت کا شکر گزار ہوں کہ اس نے سچ اور حق کا ساتھ دیا، لیکن عدالت کے فیصلے کے باوجود قبضہ مافیا تاحال پلاٹ پر قابض ہے”، جمیل خان کا کہنا تھا۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ایاز مغل اور ریاض مغل مختلف معزز اداروں کا نام استعمال کرکے انہیں ڈرا دھمکا رہے ہیں اور مسلسل دباؤ میں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
جمیل خان کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار متعلقہ اداروں سے رجوع کرچکے ہیں، درخواستیں دے چکے ہیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔
انہوں نے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے۔ "یہ پلاٹ میرے بچوں کا واحد سہارا ہے، میرے بچے بھوک و افلاس کا شکار ہیں۔ خدا را! میرے ساتھ انصاف کیا جائے”، جمیل خان نے رقت آمیز انداز میں کہا۔
