کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ کراچی کے علاقے پیلا اسکول میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک کارنر میٹنگ نے عوامی جوش و خروش کے باعث جلسے کی صورت اختیار کر لی۔ یہ شمولیتی پروگرام پیپلز یوتھ آرگنائزیشن ضلع وسطی کے زیراہتمام منعقد ہوا، جس میں 100 سے زائد نوجوانوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
یومِ آزادی پر کراچی میں شاندار اسپورٹس فیسٹیول، نمائشی میچز، پرچم کشائی اور رنگا رنگ تقاریب کا اعلان
پروگرام کی میزبانی پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر جواد الحسن، فیضان درانی اور میر بالاج نے کی، جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ضلع وسطی کے صدر سردار خان، جنرل سیکریٹری شہزاد مجید، توقیر احمد اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
صدر ضلع وسطی سردار خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وژن آج عملی صورت میں نظر آ رہا ہے، عوامی محبت کا یہ اظہار ثابت کر رہا ہے کہ نارتھ کراچی اب پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ بن رہا ہے۔”
جنرل سیکریٹری شہزاد مجید نے شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ "یہ نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں، ہم ان کی شمولیت سے پارٹی کو مزید متحرک دیکھ رہے ہیں۔”
رہنما توقیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ "چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کو پارٹی میں قیادت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ سیاسی عمل میں مثبت کردار ادا کریں۔”
پروگرام کے اختتام پر پارٹی ترانوں، نعروں اور جوشیلے ماحول نے جلسے کو گرما دیا، جبکہ کارکنان نے اپنی قیادت سے بھرپور وفاداری کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو زندہ باد کے نعرے لگائے۔

