اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے جانی و مالی نقصانات میں اضافہ ہوگیا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے 12 جولائی کے دوران مختلف حادثات میں 104 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 49 بچے، 37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔
فاسٹ بولر حارث رؤف ری ہیب پاکستان میں مکمل کریں گے، ویسٹ انڈیز سیریز میں شرکت مشکوک
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 200 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں 78 مرد، 76 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔ مختلف علاقوں میں آنے والے سیلاب اور بارشوں نے 10.5 کلومیٹر سڑکوں اور 9 پلوں کو متاثر کیا جبکہ 135 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 278 کو جزوی نقصان پہنچا۔
ترجمان کے مطابق 111 مویشی بھی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہوئے، جس سے دیہی علاقوں میں کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مون سون کے ایک اور طاقتور اسپیل کے تحت ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 17 جولائی تک شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے عوام اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلاب، نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی سے خبردار کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ندی نالوں، پلوں، اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی حکام سے فوری رابطہ کریں۔
