اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی استقامت، مزاحمت اور غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کیا ہے۔
بلوچستان کے ساحل پر غیر ملکی شراب کی سب سے بڑی اسمگلنگ ناکام، 10 ہزار بوتلیں برآمد
وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان کشمیری شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جائز تحریک کے لیے پہلے کی طرح آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں، اور ہم ان کی بہادری اور پختہ ارادے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یومِ شہدائے کشمیر آج بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام بھارت کے مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور تقریبات منعقد کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے، جب کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر شہداء کے قبرستان کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ سری نگر سمیت دیگر علاقوں میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
