منامہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرینی وزیر داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلفیہ نے خود ان کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی بحرینی وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹر "منامہ فورٹ” آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعدازاں دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد انسانی سمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراکِ عمل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی و عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے اور پاکستان۔بحرین مشترکہ سیکیورٹی کمیٹی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
بحرین کے وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین، پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈینیشن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور دونوں وزارتوں کے درمیان اس حوالے سے تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بحرینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے بحرینی وزارت داخلہ میں رکھی گئی وزٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
ملاقات میں بحرین کے نائب وزیر داخلہ میجر جنرل عادل بن خلفیہ بن حماد، چیف آف پبلک سیکیورٹی، سینئر عسکری افسران، بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔
