کراچی (کرائم رپورٹر) ایسٹ زون کی تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس (نیو سبزی منڈی چوکی) نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم محمد صابر ولد فضل باری نے اپنے ساتھی کے ہمراہ 29 جون 2025 کو جنجال گوٹھ کے علاقے میں ایک گھر کے اندر ڈکیتی کی واردات کی تھی۔
خفیہ اطلاع پر کی گئی کامیاب کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کو دھر لیا، جس کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن اور ڈکیتی میں لوٹی گئی نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ دورانِ انٹیروگیشن ملزم نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، جن کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔