کلب ورلڈ کپ کے ایک اہم مقابلے میں برازیل کے کلب فلومینینس نے پیر کو اطالوی کلب انٹر میلان کو 0-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے دونوں گول جرمن کینو اور متبادل کھلاڑی ہرکولیس نے اسکور کیے، جبکہ گول کیپر فیبیو نے کئی شاندار بچاؤ کر کے انٹر کو گول کرنے سے روکے رکھا
کلب ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ الہلال نے اضافی وقت میں مانچسٹر سٹی کو 4-3 سے شکست دے دی
فلومینینس کو تیسرے ہی منٹ میں برتری ملی، جب جون آریاس کی جانب سے دائیں جانب سے آنے والے کراس کو انٹر ڈیفنڈر الیسانڈرو باسٹونی نے ڈیفلیکٹ کیا، اور گیند عجیب انداز میں اچھل کر ارجنٹائنی اسٹرائیکر کینو کے ہیڈر پر جا پہنچی، جنہوں نے گیند کو کیپر یان سومر کی ٹانگوں کے درمیان سے جال میں پہنچا دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام پر ایگناسیو کا گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، جبکہ دوسرے ہاف میں انٹر میلان نے دباؤ بڑھایا، لیکن لاؤتارو مارٹینیز اور اسٹیفن ڈی وریج گول کرنے میں ناکام رہے۔ مارٹینیز کا ایک خطرناک شاٹ سیدھا کیپر فیبیو کے ہاتھوں میں چلا گیا، اور آخری لمحات میں انٹر کی قسمت کا فیصلہ ہو گیا۔
سٹاپیج ٹائم میں متبادل کھلاڑی ہرکولیس نے ایک ریباؤنڈ پر گول داغ کر فلومینینس کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ آخری لمحات میں فیڈریکو ڈیمارکو کا ایک زوردار شاٹ بھی بار سے ٹکرا کر واپس آ گیا۔
فلومینینس اب کوارٹر فائنل میں الہلال کے خلاف اورلینڈو میں مدمقابل آئے گا، جو مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچا ہے۔
یہ جیت جنوبی امریکہ کے کلبز کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ہے، جس سے قبل گروپ مرحلے میں بوٹافوگو نے PSG اور فلیمنگو نے چیلسی کو زیر کیا تھا۔
