اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی کے صارفین کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے ایک اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن، اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں میں شامل "الیکٹرک ڈیوٹی” کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
نظیر بھٹو کے ساتھ کام سے انکار، پیپلز پارٹی PS-86 میں بغاوت، یو سی چیئرمینز اور رہنما مستعفی
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوام کو ریلیف دینے اور بجلی کے بلوں کو سادہ اور شفاف بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق بجلی کے نرخ پہلے ہی عام شہری کے لیے مالی بوجھ بن چکے ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ صارفین سے صرف بجلی کی اصل قیمت ہی وصول کی جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا مقصد بلوں سے غیر ضروری چارجز کو نکال کر صرف بنیادی اور ضروری خدمات کے عوض رقم وصول کرنا ہے۔
اویس لغاری نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں درخواست کی گئی ہے کہ وہ صوبوں میں متبادل ریونیو کلیکشن کا نظام مرتب کریں تاکہ بجلی کے بلوں پر سے الیکٹرک ڈیوٹی کے خاتمے سے پیدا ہونے والے مالی خلا کو پُر کیا جا سکے۔
حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ آئندہ بجلی کے بلوں میں صرف لازمی اور متعلقہ چارجز ہی شامل ہوں گے، تاکہ عام صارف کو زیادہ مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
