کراچی، 30 جون (اسٹاف رپورٹر) — ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نشتر پارک، امام بارگاہ انچولی اور المحسن امام بارگاہ کا دورہ کیا۔
پولیس چیف کے ہمراہ سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے نشتر پارک میں قائم کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور وہاں تعینات عملے کو سیکیورٹی سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اطراف کے سیکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر پولیس چیف نے موقع پر تعینات افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ سیکیورٹی پلان کے مطابق فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور سیکیورٹی معاملات میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


