اسلام آباد (آئی ایس پی آر) — چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آسٹریلیا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے سالانہ دفاعی و سلامتی مذاکرات کے 14ویں اجلاس میں شرکت کی۔ دورے کے دوران انہوں نے آسٹریلیا کی اعلیٰ عسکری اور سول قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آسٹریلوی چیف آف ڈیفنس فورسز ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن، ڈائریکٹر جنرل آفس آف نیشنل انٹیلیجنس اینڈریو شیئرر، چیف آف آسٹریلین آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیورٹ، اور محکمہ خارجہ و تجارت میں انسداد دہشت گردی کی سفیر جیما ہیگنز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں عالمی و علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی، دو طرفہ عسکری روابط اور مشترکہ تربیت سمیت کئی اہم امور زیر بحث آئے۔ مذاکرات کا مقصد دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینا اور باہمی مفاہمت کو فروغ دینا تھا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آسٹریلوی ڈیفنس کالج میں "پاکستان کا سلامتی نقطۂ نظر” کے عنوان سے لیکچر بھی دیا، جس میں انہوں نے خطے میں پاکستان کی امن و استحکام کی کوششوں کو اجاگر کیا اور پاکستان کے سیکیورٹی چیلنجز و ترجیحات پر روشنی ڈالی۔
دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس نے آسٹریلوی بحری جہاز "ایڈیلیڈ” کا بھی معائنہ کیا، جبکہ ان کی آمد پر آسٹریلیا کی تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
