ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قانی کو تہران میں عوامی اجتماع میں شریک دیکھا جا سکتا ہے۔ تسنیم کے مطابق جنرل قانی آپریشن ’الٰہی فتح‘ کے بعد منعقدہ جشن میں شریک ہوئے جہاں عوام نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
ایران کا آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا عندیہ جوہری پروگرام میں تیزی کا اعلان
ریاستی سرپرستی میں چلنے والے پریس ٹی وی نے بھی یہ ویڈیو نشر کی اور کہا کہ صیہونی حکومت کے خلاف فتح کی خوشی میں تہران کے عوام نے جنرل قانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل قانی کی یہ موجودگی ان قیاس آرائیوں کی تردید ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ میجر جنرل اسماعیل قانی اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی فوجی رہنماؤں میں شامل تھے۔ 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کیے تھے جن میں ایرانی جوہری، عسکری اور رہائشی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں 600 سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے، جن میں اعلیٰ فوجی افسران، جوہری سائنس دان اور عام شہری شامل تھے۔
شہید ہونے والوں میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری، سپاہ پاسداران کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، قرارگاه خاتم الانبیا کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد اور ایرو اسپیس فورس کے سربراہ میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ شامل ہیں۔
12 روزہ شدید فضائی لڑائی کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔
