راولپنڈی (ڈیفنس رپورٹر) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گرد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر جوان، میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ وطن پر قربان ہو گئے۔
اسلام آباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کے اس منظم گروہ کے خلاف کیا گیا جو جنوبی وزیرستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
شہید میجر سید معیز عباس شاہ کا تعلق ضلع چکوال سے تھا، ان کی عمر 37 سال تھی اور وہ 14 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔ لانس نائیک جبران اللہ کا تعلق ضلع بنوں سے تھا، ان کی عمر 26 سال اور سروس کا دورانیہ 8 سال تھا، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، یہ قربانیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
