کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد شمریز نے ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام اور اکابرین سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرام باغ پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ زخمی سمیت 2 گرفتار اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد
ڈی جی رینجرز نے علمائے کرام کو محرم کے مقدس ایام میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مجالس اور جلوس بخوبی اور پرامن طور پر انجام پذیر ہوں۔
ڈی جی رینجرز نے اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں علمائے کرام کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور معاشرتی استحکام وقت کی ضرورت ہے۔ علمائے کرام نے محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے رینجرز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، شرپسند عناصر یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع قریبی رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
