نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں ٹرپل اے ہوزری سے ہونے والی 15 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا معمہ پولیس مقابلے کے بعد حل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ شب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے دو ملزمان اس واردات میں ملوث نکلے۔
کراچی کیلئے پانی کی خوشخبری کے فور منصوبے کا 63 فیصد کام مکمل واپڈا کا دعویٰ
ملزمان نے مورخہ 25 مئی کو نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 12C میں واقع ٹرپل اے ہوزری کے سامنے گیٹ پر موجود ٹھیکیدار کو اسلحہ کے زور پر لوٹا۔ ڈکیتی کے دوران ٹھیکیدار کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی گئی، جس کے بعد ملزمان 15 لاکھ روپے کی نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 282/2025، دفعہ 392/34 کے تحت تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت سراج احمد ولد غلام شبیر اور محمد فہیم ولد اللہ ڈنو کے طور پر کی ہے۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل، ذیشان شفیق صدیقی (PPM، PSP) کے مطابق دونوں ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں۔
واردات میں ملوث دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور تفتیش جاری ہے۔

