کراچی کے علاقے ضیاء کالونی کورنگی میں پاکستان رینجرز (سندھ) اور سندھ پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 2 شرپسند عناصر، صدام حسین نوناری اور نظام الدین کو گرفتار کر لیا گیا۔
Friday, 30th May 2025
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 قومی شناختی کارڈز، 2 موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں افراد 27 اپریل 2025 کو کاٹھور لنک روڈ پر پولیس کی گاڑی کو آگ لگانے سمیت احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث رہے ہیں۔
حکام کے مطابق ان کے دیگر 4 ساتھی پہلے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ گرفتار شدگان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی کے لیے فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن یا واٹس ایپ نمبر پر کال یا پیغام بھیجیں۔ اطلاع دہندہ کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
