راولپنڈی: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے راولپنڈی میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور وطن پر جان قربان کرنے والے بہادر سپوت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایئر چیف نے کہا کہ اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے دشمن کی جارحیت کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ قوم ان کے جیسے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، شہدا کا نام ہمیشہ عزت و فخر سے لیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اپنے شہید شاہینوں کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔
ایئر چیف مارشل نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ بھی کیا، جہاں پاک فضائیہ اور پاک فوج کے زیرِ علاج زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی ہمت، حوصلے اور قربانی کو سراہتے ہوئے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
ایئر چیف نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم غیر متزلزل ہے اور وطن کی فضائی حدود کی نگہبانی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
